پاکستان سپر لیگ (PSL) کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اور سال کے آخر تک اس میں دو نئی ٹیمیں شامل ہونے کا امکان ہے۔ پی ایس ایل کے سی ای او، سلمان نصیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، لیگ کو مزید مقبول بنانے اور کرکٹ کو پاکستان کے مزید شہروں تک لے جانے کے لیے یہ فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ اس وقت پی ایس ایل میں چھ ٹیمیں شامل ہیں، اور نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد یہ آٹھ ٹیموں کی لیگ بن جائے گی۔ تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ،یہ دو نئی ٹیمیں کون سی ہوں گی اور ان کے نام کیا ہوں گے۔
پی ایس ایل کے آغاز کے وقت سب سے بڑا چیلنج پاکستان میں کرکٹ کی بحالی تھا۔ اب جب کہ، یہ لیگ ایک کامیاب برانڈ بن چکی ہے، اس کا دائرہ کار مزید شہروں تک پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ سلمان نصیر کے مطابق، 2026 کے سیزن میں لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی میچز کرائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پشاور کو خاص طور پر شامل کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے، جہاں پی ایس ایل 2025 کے سیزن میں 8 اپریل کو ایک نمائشی میچ منعقد ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل 2025 سے ہو رہا ہے، جس کا افتتاحی میچ راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس سیزن کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو سب سے زیادہ 13 میچز کی میزبانی دی گئی ہے، جن میں 18 مئی کو ہونے والا فائنل بھی شامل ہے۔ راولپنڈی میں 11، جبکہ کراچی اور ملتان میں 5-5 میچز ہوں گے۔
یہ واضح نہیں کہ، نئی ٹیمیں کن شہروں کی ہوں گی، لیکن قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ، فیصل آباد، حیدرآباد، سیالکوٹ یا کشمیر میں سے کسی دو شہروں کو لیگ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان سال کے آخر میں متوقع ہے۔