بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات، امریکہ، یورپی یونین اور چین سمیت مختلف ممالک نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق، وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں حملے کو شدید الفاظ میں مسترد کیا اور اسے ایک بزدلانہ اور مجرمانہ کارروائی قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ، یو اے ای ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی مذمت کرتا ہے۔ ایسی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور ان کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے پاکستانی حکومت، عوام اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کیا۔بیان میں کہا گیاکہ، ہم جعفر ایکسپریس پر حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔
امریکہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ، پاکستان کے عوام کو خوف اور دہشت سے پاک زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ امریکہ، پاکستان کا مضبوط شراکت دار ہے اور اس مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر، رینا کیونکا نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایکس پر کہاکہ، ہم بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ، ہمیں یرغمالیوں کی سلامتی پر گہری تشویش ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان، ماؤ ننگ نے بھی اس حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہاکہ، ہم نے اس واقعے کی رپورٹس کا نوٹس لیا ہے اور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کے سماجی استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے چین اپنی حمایت جاری رکھے گا۔