رمضان المبارک میں افطار سے پہلے یا بعد میں بہت سے افراد سر درد اور سستی کی شکایت کرتے ہیں، جس سے نہ صرف مزاج پر منفی اثر پڑتا ہے بلکہ طبیعت میں چڑچڑاپن اور غصہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
معروف ہربلسٹ حکیم غالب آغا نے اس مسئلے پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے اس کے ممکنہ اسباب اور علاج پر بات کی۔
ان کے مطابق، افطار کے بعد سر درد کی ایک بڑی وجہ گیسٹک پریشر اور ٹھنڈے مشروبات کو ایک سانس میں پینا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ روزے کے بعد فوری طور پر کھجور کھائیں اور ہلکا ٹھنڈا پانی آہستہ آہستہ پیئیں، اس کے بعد پھلوں کا استعمال کریں تاکہ نظام ہاضمہ بہتر رہے۔
حکیم غالب آغا نے مزید بتایا کہ افطار کے بعد تلی ہوئی چیزوں، چائے، کافی اور سگریٹ نوشی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ چیزیں سر درد اور طبیعت کی بےچینی کو بڑھا سکتی ہیں۔
انہوں نے اس مسئلے کا ایک آسان ہربل علاج بھی بتایا کہ
گرین ٹی کے لیے سونف ایک چائے کا چمچ، پودینہ 10 سے 15 پتیاں، دو چھوٹی الائچی اور ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا ڈیڑھ گلاس پانی میں ابال کر استعمال کریں، یہ نہ صرف نظام ہاضمہ کو بہتر بنائے گا بلکہ سر درد اور سستی کو بھی دور کرے گا۔