قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ، عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران، سلمان علی آغا کے ہمراہ بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بتایا کہ، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے، جبکہ نائب کپتان شاداب خان ہوں گے۔ اس موقع پر چند اہم کھلاڑیوں کو ڈراپ کیے جانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں محمد رضوان، بابر اعظم اور نسیم شاہ کو شامل نہیں کیا گیا۔ ون ڈے ٹیم میں بھی چھ تبدیلیاں کی گئی ہیں، جہاں شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور عثمان خان کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)،شاداب خان (نائب کپتان)،عبدالصمد،ابرار احمد،حارث رؤف ،حسن نواز،جہانداد خان ،خوشدل شاہ، عباس آفریدی،محمد علی،محمد حارث،عثمان خان،عرفان نیازی،عمیر بن یوسف،شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم شامل ہوں گے۔
ون ڈے ٹیم کی قیادت محمد رضوان کریں گے، جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد،عاکف جاوید،بابر اعظم ،فہیم اشرف، امام الحق، خوشدل شاہ ،محمد علی ،وسیم جونیئر،محمد عرفان خان ،نسیم شاہ،سفیان مقیم،طیب طاہراور عبداللہ شفیق شامل ہوں گے۔
دورہ نیوزی لینڈ کے دوران، عاقب جاوید عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں گے، جبکہ محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
شاداب خان کو ٹی ٹوئنٹی کا نائب کپتان بنانے کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ، انجری کی وجہ سے ان کی کارکردگی متاثر ہوئی تھی، لیکن اب وہ مکمل فٹ ہیں۔
عاقب جاوید نے چیمپیئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، وہ اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ،شاہین شاہ آفریدی اب بھی ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بولر ہیں۔
اوپنر فخر زمان اور صائم ایوب کو طبی مشورے کی بنیاد پر دونوں فارمیٹس کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔