اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ترک صدر، رجب طیب ایردوان آج، 12 فروری 2025 کو، دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ یہ ان کا پانچ سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہونے والے اس دورے میں ترک صدر کے ہمراہ وزراء، سینئر حکام، اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی شامل ہوگا۔
دورے کے دوران، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ایردوان ساتویں پاک ترک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ اس اجلاس کے اختتام پر اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں، اور دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
اس کے علاوہ، ترک صدر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعظم کے ساتھ مل کر ترک صدر پاکستان-ترکیہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے سرکردہ سرمایہ کاروں، کمپنیوں، اور کاروباری افراد کو اکٹھا کیا جائے گا۔
اس دورے کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، خاص طور پر دفاع، تجارت، اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں۔ دونوں ممالک کے رہنما علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔