اگر آپ فیس بک یوزر ہیں تو میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکر برگ نے عندیہ دیا ہے کہ فیس بک میں بہت جلد بڑی تبدیلیاں نظر آئیں گی۔
گزشتہ دنوں 2024 کے آخر میں کمپنی کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے مارک زکر برگ نے عندیہ دیا تھا کہ فیس بک میں جلد بڑی تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ پلیٹ فارم ایک بار پھر ماضی جیسا بہترین اور مقبول ہو سکے ۔
مارک زکر برگ کا کہنا تھا ، ا ب فیس بک 3 ارب سے زائد صارفین کی زندگیوں کا اہم حصہ ہے اور اسے ثقافتی طور پر زیادہ بااثر بنانے کے لیے کام جاری ہے ۔ تاہم میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکر برگ نے یہ نہیں بتایا تھا کہ فیس بک میں کیا تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں مگر انہوں نے کہا تھا کہ “یہ پرجوش سال ثابت ہو گا جب ہم ماضی کے بہترین فیس بک کو واپس لائیں گے “
انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران کمپنی فیس بک پلیٹ فارم کو مکمل طور پر بدلنے پر توجہ مرکوز کرے گی ۔ مارک زکربرگ کا کہنا تھا ، فیس بک کو بہتر بنانے کیلئے درکار تبدیلیوں کیلئے مختصر مدت کے کاروباری نتائج کی بھی قربانی دی جاسکتی ہے۔
مارک زکربرگ کے پرانے بہترین فیس بک کا حوالہ دینے کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو نئے فیچرز سے محروم کریں گے ۔
درحقیقت ان کا کہنا تھا کہ فیس بک میں لوگوں کی جانب سے ویڈیوز دیکھنے کے وقت کی شرح میں ایک سال کے دوران دوگنا تک اضافہ ہوا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ انسٹا گرام اور فیس بک میں ریلز کو دیکھنے کی شرح میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔