وفاقی کابینہ نے 2020 میں پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں وفاقی وزیر غلام سرور خان کے پی آئی اے پائلٹس سے متعلق بیان کا جائزہ لینے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں 2020 ء میں پارلیمنٹ کے فلور پر وفاقی وزیر کے قومی ائیر لائن کے پائلٹس سے متعلق بیان پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی گئی ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان کا قومی ائیر لائن کے پائلٹس سے متعلق دیا گیا بیان غیرذمہ دارانہ اور مبالغہ آرائی پرمبنی تھا۔ جس سے نہ صرف ملک بلکہ قومی ائیرلائن کا تشخص بھی شدید متاثر ہوا۔ اور اس بیان سے قومی خزانے اور پی آئی اے کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے پائلٹس سےمتعلق سابق وفاقی وزیر کے بیان کا جائزہ لینے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے ۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سابق وفاقی وزیر کے مبالغہ آرائی پر مبنی بیان کے محرکات کا پتہ چلائےگی اور بیان کےنتیجےمیں قومی ائیرلائن اور قومی خزانےکو پہنچنے والے نقصان کا بھی تخمینہ لگائےگی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں دی گرڈلیوی کیپٹوپاورپلانٹس آرڈیننس 2025 کی منظوری بھی دے دی ہے ۔
وفاقی کابینہ نے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کے چارٹر کی توثیق کرتے ہوئے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کے تحت 200 ملین ہیکٹرز زمینی رقبےکی بحالی کی منظوری دی ہے ۔ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کے تحت 50 بلین درخت اگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔