مدھیہ پردیش کے پرشورام کلیان بورڈ کے چیئرمین وشنو راجوریا نے برہمن برادری کے جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے پر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، راجوریا نے اندور میں نوجوانوں اور خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “دوسرے مذہبوں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، لہٰذا برہمن نوجوانوں کو بھی زیادہ بچے پیدا کرنے چاہئیں۔”
راجوریا نے کہا کہ “ہر جوڑا 4 بچے پیدا کرے گا تو پرشورام کلیان بورڈ کی جانب سے ایک لاکھ بھارتی روپے کا انعام دیا جائے گا، چاہے میں مستقبل میں بورڈ کا صدر رہوں یا نہ رہوں، یہ انعام دیا جاتا رہے گا۔”
اس اعلان پر بھارت میں تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ سماجی بہبود کے ایک اہلکار نے راجوریا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان ریاستی حکومت کی پالیسی کے خلاف ہے، کیونکہ مدھیہ پردیش سول سروسز کے قوانین کے تحت سرکاری نوکری کے لیے صرف وہی افراد اہل ہیں جن کے دو یا اس سے کم بچے ہوں۔