بنگلہ دیش کے پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ اگر بھارت سے واپس بنگلہ دیش آئیں تو انہیں سزائے موت پر عملدرآمد کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پراسیکیوٹر نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ کے پاس اب عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا قانونی راستہ بھی باقی نہیں رہا، کیونکہ اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت ختم ہوچکی ہے۔ ان کے مطابق اب فیصلے پر عملدرآمد کے سوا کوئی قانونی راستہ موجود نہیں۔
79 سالہ شیخ حسینہ کی 15 سالہ حکومت اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک کے نتیجے میں ختم ہوگئی تھی۔ اس دوران حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً 1,400 افراد ہلا-ک ہوئے۔ شیخ حسینہ اگست 2024 میں ڈھاکا سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت چلی گئی تھیں اور اس وقت سے وہیں مقیم ہیں۔
نومبر 2025 میں ڈھاکا کی ایک عدالت نے 2024 کی طلبہ تحریک کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے تین الزامات، جن میں تشد-د پر اکسانا، ق-تل کے احکامات دینا اور مظالم روکنے میں ناکامی شامل ہیں، ثابت ہونے پر شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ مقدمے کی سماعت کے دوران انہیں سرکاری وکیل فراہم کیا گیا تھا، تاہم شیخ حسینہ نے عدالتی کارروائی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے خلاف مقدمے کو سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا سمجھتی ہیں۔
دوسری جانب شیخ حسینہ نے دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ وطن واپسی پر پھانسی کے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں، تاہم ان کے بقول خوف عوام کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ بنگلہ دیشی پراسیکیوٹر نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ واقعی واپس آنا چاہتی ہیں تو بھارت کے حکام سے رابطہ کرکے دونوں ممالک کے درمیان حوالگی کے معاہدے کے تحت واپسی کا راستہ اختیار کریں۔
بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ پہلے ہی بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کرچکی ہے، تاہم بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ اس درخواست کا قانونی جائزہ لیا جارہا ہے۔ شیخ حسینہ کی بھارت میں مسلسل موجودگی کے باعث دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ شیخ حسینہ کے خلاف بدعنوانی سمیت دیگر مقدمات بھی زیرِ التوا ہیں۔ ان کے وکلا نے رواں ہفتے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے بھی درخواست دی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ کہاں اور کب سفر کرنا چاہتی ہیں۔
ادھر بنگلہ دیش میں ان کی ممکنہ واپسی کو سیاسی چیلنج قرار دیا جارہا ہے۔ ملک میں بعض حلقے ان کی سزائے موت پر عملدرآمد کے حامی ہیں، جبکہ دیگر کو خدشہ ہے کہ ان کی واپسی سے عوامی لیگ کے حامی دوبارہ متحرک ہوسکتے ہیں اور سیاسی مخالف گروہوں کے درمیان نئی کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔ ڈھاکا پولیس کے مطابق رواں ماہ پٹرول بم حملوں کے سلسلے میں 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق شیخ حسینہ کی پابندی کا شکار جماعت عوامی لیگ سے ہے، تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔