عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کے تقریباً 11 سال بعد ایپل میوزک اب پاکستان میں بھی باضابطہ طور پر دستیاب ہوگیا ہے۔
ایپل نے اپنی ’Availability of Apple Media Services‘ فہرست کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو ان ممالک میں شامل کر دیا ہے جہاں صارفین ایپل میوزک کی سروس حاصل کر سکتے ہیں۔
ایپل میوزک کو عالمی سطح پر 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا اور ابتدائی مرحلے میں یہ سروس 100 سے زائد ممالک میں دستیاب تھی، تاہم پاکستان اس فہرست میں شامل نہیں تھا۔
پاکستانی صارفین کے لیے ایپل میوزک کے سبسکرپشن پیکجز کی قیمتیں بھی سامنے آگئی ہیں۔ انفرادی صارف کے لیے Individual Plan کی قیمت 379 روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے، جس کے ذریعے ایک صارف لامحدود میوزک سن سکتا ہے۔
Family Plan کی قیمت 649 روپے ماہانہ رکھی گئی ہے، جس کے تحت متعدد صارفین سروس استعمال کر سکتے ہیں۔ دونوں پیکجز کے ساتھ ایک ماہ کا مفت ٹرائل بھی دیا جا رہا ہے، جس کے بعد سبسکرپشن ماہانہ بنیادوں پر خودکار طریقے سے تجدید ہوجائے گی۔
تاہم کلاسیکل موسیقی کے لیے ایپل کی علیحدہ سروس ’Apple Music Classical‘ فی الحال پاکستان میں دستیاب نہیں ہے۔
پاکستان میں کسی بڑے عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی آمد میں تاخیر کا یہ پہلا موقع نہیں۔ اسپاٹی فائی کو عالمی سطح پر 2008 میں متعارف کرایا گیا تھا، لیکن پاکستان میں اس سروس کا باضابطہ آغاز 2021 میں ہوا، یعنی پاکستانی صارفین کو تقریباً 13 سال انتظار کرنا پڑا۔
ایپل میوزک کی عدم دستیابی کے باعث پاکستانی صارفین کو ماضی میں ریجن تبدیل کرنے یا بیرون ملک اکاؤنٹس سمیت مختلف متبادل طریقے اختیار کرنا پڑتے تھے۔ اب پاکستان میں باضابطہ دستیابی کے بعد صارفین براہِ راست مقامی سبسکرپشن حاصل کر سکیں گے۔
ایپل میوزک کی پاکستان میں آمد کے بعد مقامی صارفین کے پاس میوزک اسٹریمنگ کے لیے ایک اور بڑا عالمی پلیٹ فارم دستیاب ہوگیا ہے، جہاں اس کا براہِ راست مقابلہ پہلے سے موجود اسپاٹی فائی سمیت دیگر اسٹریمنگ سروسز سے ہوگا۔