پاکستان اور ازبکستان کا اقتصادی تعاون مضبوط بنانے اور مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے پر اتفاق

پاکستان اور ازبکستان نے اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور پہلے سے طے شدہ معاہدوں کو واضح مدت اور مالی انتظامات کے ساتھ عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور ازبکستان کے نائب وزیر سرمایہ کاری، صنعت و تجارت الزت قاسموف کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

ملاقات میں علاقائی رابطوں، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی مالی وسائل کے حصول پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کو سیاسی سطح پر موجود اتفاق رائے سے آگے بڑھتے ہوئے ایسے قابلِ عمل منصوبوں پر کام کرنا چاہیے جن کے واضح اقتصادی نتائج سامنے آسکیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے مطابق ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبہ وسطی ایشیائی منڈیوں کو پاکستان کی بندرگاہوں سے جوڑنے والا ایک اہم رابطہ بن سکتا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ معاہدوں کو عملی شکل دینے کے لیے منصوبوں کی واضح مدت اور مالی انتظامات طے کیے جائیں تاکہ اقتصادی تعاون کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں