نیشنز لیگ میں ترکیہ کے خلاف فرانس کی فتح، فیصلہ کن گول کرنے والے فرانس کے کپتان کلیان ایمباپے گھٹنے کی چوٹ کے باعث ٹیم سے باہر

فرانس کے کپتان اور معروف فٹبالر کلیان ایمباپے گھٹنے کی چوٹ کے باعث نیشنز لیگ کے باقی میچوں کے لیے قومی ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ ایمباپے کو ترکیہ کے خلاف میچ میں فیصلہ کن گول کرنے کے کچھ ہی دیر بعد گھٹنے میں تکلیف ہوئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایمباپے نے ترکیہ کے خلاف فرانس کے لیے گول کیا، جس کے فوراً بعد انہیں طبی امداد دی گئی۔ وہ کچھ دیر کے لیے دوبارہ میدان میں آئے، لیکن تقریباً ایک منٹ بعد دوبارہ زمین پر بیٹھ گئے اور کھیل جاری نہ رکھ سکے۔ انہیں 58ویں منٹ میں میدان سے باہر لے جایا گیا۔

فرانس نے یہ مقابلہ ایک صفر سے اپنے نام کیا۔ یہ زین الدین زیدان کا فرانسیسی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلا میچ تھا، تاہم کامیابی کے باوجود ایمباپے کی چوٹ نے فرانس کے لیے تشویش پیدا کردی۔

زیدان نے میچ کے بعد کہا کہ ایمباپے کے گھٹنے میں سوجن ہے اور صورتحال حوصلہ افزا نظر نہیں آ رہی، اس لیے ٹیم انتظامیہ ان کی صحت کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔ انہوں نے بتایا کہ ایمباپے قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیں گے۔

فرانسیسی فٹبال فیڈریشن کے مطابق 27 سالہ ایمباپے کو گھٹنے کے پٹھے سے جڑے حصے میں چوٹ لگی ہے اور وہ مزید طبی معائنے اور علاج کے لیے میڈرڈ واپس جا رہے ہیں۔ ایمباپے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

فرانس کا اگلا نیشنز لیگ مقابلہ 28 ستمبر کو بیلجیئم کے خلاف ہونا ہے، تاہم ایمباپے ٹیم سے الگ ہونے کے باعث اس میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں