ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف نے اندیجان ریجن کے دورے کے دوران 206 نئے سرمایہ کاری منصوبوں کے افتتاح اور تعمیر کے آغاز کی تقریب میں شرکت کی۔ ازبک صدارتی دفتر کے مطابق ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 9.4 ارب ڈالر ہے، جن میں سے 98 منصوبے مکمل کرکے فعال کر دیے گئے جبکہ 108 نئے منصوبوں کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مکمل ہونے والے 98 منصوبوں کی مالیت 2.05 ارب ڈالر ہے، جبکہ زیرِ تعمیر 108 منصوبوں پر 7.35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ منصوبے اندیجان کے تمام 16 شہروں اور اضلاع میں توانائی، تعمیرات، ٹیکسٹائل، مشینری، تعلیم، سیاحت، لاجسٹکس، فارماسیوٹیکل اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں قائم کیے جا رہے ہیں۔
نئے فعال ہونے والے منصوبوں میں کاٹن ٹیکسٹائل کلسٹر، بجلی ذخیرہ اور تقسیم کرنے کا نظام، فرنیچر اور چمڑے و جوتوں کی صنعت کے لیے صنعتی زونز، الیکٹرک بسوں، سولر پینلز اور چھوٹے پن بجلی منصوبوں کے آلات کی تیاری شامل ہے۔ اس کے علاوہ جدید تعلیمی اور طبی مراکز بھی فعال کیے گئے ہیں۔
زیرِ تعمیر منصوبوں میں جدید رہائشی کمپلیکس، بین الاقوامی لاجسٹکس اور سیاحتی مراکز، پن بجلی گھر، کچرے کی حرارتی پراسیسنگ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے، گاڑیوں اور مال بردار ریل ڈبوں کی نئی پیداواری سہولیات شامل ہیں۔
یہ منصوبے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا، امریکا، روس، بیلاروس، جرمنی، بھارت، متحدہ عرب امارات اور تاجکستان کی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کے تعاون سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ازبک حکومت کے مطابق ان منصوبوں سے 45 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔
منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد سالانہ پیداوار کا حجم تقریباً 60.6 ٹریلین ازبک سوم رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ برآمدی صلاحیت 533 ملین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ صدر شوکت مرزیایوف نے تقریب کے دوران علامتی طور پر بٹن دبا کر 98 منصوبوں کا افتتاح اور 108 منصوبوں کی تعمیر کا آغاز کیا اور غیر ملکی شراکت داروں و مقامی کاروباری افراد کا شکریہ ادا کیا۔