افریقی ملک کینیا کے گاؤں مککو میں 500 کلوگرام وزنی خلائی کچرا گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس نے مقامی آبادی کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
کینیا اسپیس ایجنسی کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ملبہ کسی راکٹ سے الگ ہونے والے “رنگز” کا ہے، جو عام طور پر لانچ وہیکل کے مختلف مراحل میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہ رنگز زمین کے کرہ ہوائی میں داخل ہوتے وقت یا تو جل جاتے ہیں یا ویران علاقوں جیسے سمندر میں گرتے ہیں، مگر اس بار ایسا نہیں ہوا۔
ایجنسی نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس خلائی کچرے سے فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں، تاہم ماہرین اس کے تجزیے کے بعد اس کے اصل مالک کا تعین کریں گے۔ ساتھ ہی بین الاقوامی خلائی قوانین کے تحت ایک فریم ورک طے کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
گاؤں پر گرنے والے سامان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں، مگر ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ کچرا کس ملک سے تعلق رکھتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 30 دسمبر کو ایک اور افریقی ملک، گھانا، میں بھی سیٹلائیٹ گرنے کا دعویٰ سامنے آیا تھا، تاہم کینیا اسپیس ایجنسی نے دونوں واقعات میں کسی تعلق کو مسترد کر دیا۔
یہ واقعہ خلا میں بڑھتے ہوئے کچرے کے مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے، جو نہ صرف خلائی ٹریفک بلکہ زمین پر بھی خطرات پیدا کر سکتا ہے۔