بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے اپنے گھر میں گنیش چتورتھی منانے کے انداز سے متعلق دلچسپ تفصیل شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ہاں یہ تہوار بہت سادگی اور خاندانی ماحول میں منایا جاتا ہے۔ انھوں نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مداحوں کے ساتھ “AskSRK” سیشن کے دوران بتائی۔
ایک مداح نے شاہ رخ خان سے پوچھا کہ وہ گنپتی کے موقع پر کیا کرتے ہیں۔ جواب میں اداکار نے بتایا کہ ان کی اہلیہ گوری خان آرتی کرتی ہیں، اس کے بعد گھر والے مل کر دعائیں کرتے ہیں اور شام کو مورتی کا وسرجن کیا جاتا ہے۔
شاہ رخ خان کے مطابق اس موقع پر بچے اور قریبی دوست بھی گھر میں جمع ہوتے ہیں، ہنسی مذاق اور ساتھ وقت گزارنے کا ماحول ہوتا ہے۔ اداکار نے اپنے گھر کی اس تقریب کو “بہت سادہ اور خاندانی وقت” قرار دیا۔
شاہ رخ خان کا خاندان مختلف مذہبی تہوار بھی مناتا رہا ہے۔ اداکار ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے گھر میں مختلف مذاہب اور روایات کا احترام کیا جاتا ہے، جبکہ گنیش چتورتھی کے ساتھ دیوالی، عید، ہولی اور کرسمس جیسے تہوار بھی خاندان کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔
اسی سوال جواب کے سیشن میں ایک مداح نے ان سے رنویر سنگھ کی فلم ’دھرندھر‘ کے بارے میں بھی پوچھا۔ شاہ رخ خان نے بتایا کہ انھوں نے فلم کے دونوں حصے دیکھے اور پوری ٹیم کے کام کو زبردست قرار دیا۔
کام کے حوالے سے شاہ رخ خان اس وقت اپنی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی ریلیز 24 دسمبر کو متوقع ہے اور اس میں سہانا خان، ابھیشیک بچن اور دیپیکا پڈوکون بھی شامل ہیں۔