پاکستان کے پہلے سفیر شفقات علی خان نے آرمینیا کے صدر کو سفارتی اسناد پیش کر دیں

پاکستان کے آرمینیا میں پہلے سفیر شفقات علی خان نے دارالحکومت یریوان میں آرمینیا کے صدر واہگن خاچاتوریان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دی ہیں۔ تقریب آرمینیا کے صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔

پاکستانی خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق آرمینیائی صدر نے شفقات علی خان کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

شفقات علی خان نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آرمینیائی صدر کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کی جانب سے آرمینیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔

پاکستانی سفیر نے آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات مرزویان سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تعاون کے نئے مواقع اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے نائب وزیر خارجہ مناتساکان سفاریان کو اپنی سفارتی اسناد کی نقل بھی پیش کی۔

پاکستان اور آرمینیا نے اگست 2025 میں باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ اس سے قبل پاکستان 1991 میں آرمینیا کی آزادی کے بعد اسے تسلیم نہ کرنے والا اقوام متحدہ کا واحد رکن ملک تھا، جس کی بنیادی وجہ نگورنو کاراباخ تنازع میں آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی تھی۔

شفقات علی خان اس وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی ہیں اور آرمینیا میں غیر مقیم سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ان کی یریوان میں حالیہ ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں