نارووال میں مندر کو نقصان پہنچنے سے متعلق بھارتی الزامات جھوٹے اور سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں: پاکستانی دفتر خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ نے نارووال میں ایک ہندو مندر کو نقصان پہنچنے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کیے جانے والے دعوؤں کے برعکس نارووال کے گاؤں سراج میں واقع مندر کی عمارت 21 جولائی کو شدید بارشوں کے باعث متاثر ہوئی تھی۔ مقامی حکام عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے چکے ہیں اور اس کی بحالی کے لیے اقدامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ نے اس سے قبل مندر کو نقصان پہنچنے کے معاملے پر پاکستان سے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور اسے توڑ پھوڑ کا واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق بارش سے عمارت کو پہنچنے والے نقصان کو جان بوجھ کر مندر گرانے کے واقعے کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے حقائق کو مسخ کرنے سے وہاں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے سلوک سے توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی۔ انہوں نے بھارت پر مسلمانوں، سکھوں اور مسیحیوں سمیت اقلیتی برادریوں کے خلاف امتیازی رویے کا الزام بھی عائد کیا۔

واضح رہے کہ سرکاری مؤقف کے مطابق ایک صدی سے زیادہ پرانے اس مندر کا ڈھانچہ شدید بارشوں کے بعد گر گیا تھا، تاہم اقلیتی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ مندر کو ملحقہ مدرسے کی توسیع کے لیے جان بوجھ کر گرایا گیا۔ دفتر خارجہ نے اس مؤقف کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت بارشوں کے باعث متاثر ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں