خیبرپختونخوا میں گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے نئے بیج تیار

پشاور کے زرعی تحقیقاتی ادارے ترناب کے ماہرین نے خیبرپختونخوا میں گندم کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے باوجود زیادہ پیداوار دینے والی گندم کی تین اقسام کے بیج تیار کر لیے ہیں۔

ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا سالانہ 14 لاکھ ٹن گندم پیدا کرتا ہے، جبکہ اس کی کھپت 50 لاکھ ٹن تک پہنچ چکی ہے۔ صوبے میں زراعت کا 51 فیصد انحصار بارشوں پر ہے، تاہم گزشتہ پانچ سالوں سے موسمیاتی تبدیلیوں اور بارشوں کی کمی کے باعث زرعی شعبہ شدید متاثر ہوا ہے۔

بیج تیار کرنے والے ماہرین، الطاف اللہ اور اختر علی، کا کہنا ہے کہ نئے بیجوں کی تیاری کے ساتھ کسانوں کو جدید کاشتکاری کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان بیجوں کی مدد سے نہ صرف گندم کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ بیج زنک اور آئرن جیسے عناصر پر مشتمل ہیں، جو غذائیت میں بہتری اور بیماریوں کے خلاف مددگار ثابت ہوں گے۔

ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں بیج اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کسانوں نے گندم کی کاشت کم کر دی تھی، تاہم جدید بیجوں اور تکنیک کے ذریعے پیداوار کے اہداف حاصل کیے جا سکیں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں