متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 55 فیصد اضافہ

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، جولائی سے نومبر 2024 کے دوران متحدہ عرب امارات سے 2.953 ارب ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بھیجے گئے 1.909 ارب ڈالر کے مقابلے میں 55 فیصد زیادہ ہے۔

نومبر 2024 میں ترسیلات زر کا حجم 619 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو نومبر 2023 کے 412 ملین ڈالر کے مقابلے میں 50 فیصد زائد ہے۔ تاہم، ماہانہ بنیاد پر نومبر میں ترسیلات زر میں معمولی کمی ہوئی، اکتوبر میں متحدہ عرب امارات سے 621 ملین ڈالرببھیجے گئے تھے، جو نومبر میں کم ہو کر 619 ملین ڈالر رہے۔

اعدادوشمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں مجموعی طور پر سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 34 فیصد کی قابل ذکر نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ اضافہ پاکستانی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، جو معیشت کو مستحکم کرنے اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ ترسیلات زر نہ صرف ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں بلکہ ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں