پاکستانی کوہ پیما ڈاکٹر عاصمہ مشتاق اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران شدید طبی ایمرجنسی کے باعث انتقال کر گئیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق 34 سالہ عاصمہ مشتاق نے گلگت بلتستان کے قراقرم سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی کامیابی سے سر کی تھی اور چوٹی پر پہنچنے کے وقت ان کی صحت بہتر تھی۔
تاہم واپسی کے دوران تقریباً 6 ہزار 400 میٹر کی بلندی پر انہیں اچانک شدید ہائی آلٹیٹیوڈ طبی مسئلہ پیش آیا۔ ان کے ماؤنٹین گائیڈ اکبر علی اور ایکسپیڈیشن گائیڈ محمد امین نے فوری مدد فراہم کی، لیکن انتہائی مشکل حالات میں تمام کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ڈاکٹر عاصمہ مشتاق کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ برطانیہ میں ماہرِ امراضِ نسواں و زچگی کے طور پر کام کرتی تھیں۔ وہ ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ سفر، وی لاگنگ اور کوہ پیمائی کا بھی شوق رکھتی تھیں۔
عاصمہ مشتاق اس پانچ رکنی پاکستانی خواتین کی کوہ پیمائی ٹیم کا حصہ تھیں جس نے اسپانٹک سر کی۔ ٹیم میں زونی اسلم، زبا شگری، شمع اور سوہانا بھی شامل تھیں۔
اس سے قبل عاصمہ مشتاق 4 ہزار 76 میٹر بلند موسیٰ کا مصلیٰ کی موسمِ سرما میں کامیاب چڑھائی بھی مکمل کر چکی تھیں اور روپال و ارندو کی مہمات سے بھی وابستہ رہی تھیں۔
الپائن کلب آف پاکستان نے ان کی وفات کو کوہ پیمائی برادری کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی ہمت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔