لاہور میں پاکستان کے پہلے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح، مستحق مریضوں کا علاج مفت ہوگا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پاکستان کے پہلے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مستحق مریضوں کے دل کی پیوند کاری کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی اور یہ علاج 100 فیصد مفت فراہم کیا جائے گا۔

جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 250 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال ہے، جس پر تقریباً 16 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ یہ ادارہ جناح ہسپتال لاہور کے رہائشی علاقے کے سامنے قائم کیا گیا ہے اور اسے خودمختار ادارے کی حیثیت حاصل ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت ایک ہارٹ ٹرانسپلانٹ پر 50 ہزار ڈالر تک خرچ برداشت کرے گی، جبکہ چینی ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس کی لاگت تقریباً 10 ہزار ڈالر تک لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انسٹی ٹیوٹ میں کیتھیٹرائزیشن لیبارٹری، ایم آر آئی، جدید آپریشن تھیٹرز، کارڈیک وارڈز، پیتھالوجی اور ریڈیالوجی لیبارٹریز، انتہائی نگہداشت اور ایمرجنسی سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق ادارے میں انجیوگرافی کے طریقۂ علاج بھی شروع ہو چکے ہیں۔

برطانیہ میں مقیم ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر حسنات خان بھی اس منصوبے سے وابستہ ہیں اور انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹروں اور عملے کی تربیت میں معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں یہ سوچ بدلنے کی ضرورت ہے کہ بہتر علاج صرف بیرونِ ملک ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کا مقصد جدید اور معیاری دل کے علاج کی سہولیات پاکستان میں ہی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے پنجاب میں گھریلو ڈائیلاسز مشینیں متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات مل سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں