ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کافی پینے کی عادت معدے اور دماغ کے درمیان تعلق پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے، جس سے ذہنی صحت بہتر ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ تحقیق آئرلینڈ کی یونیورسٹی کالج کارک کے ماہرین نے کی، جس میں پہلی بار اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ کافی معدے کے بیکٹیریا اور انسانی مزاج پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے۔
مطالعے میں 62 افراد کو شامل کیا گیا، جن میں نصف روزانہ کافی پینے کے عادی تھے جبکہ باقی افراد کافی استعمال نہیں کرتے تھے۔ شرکاء کے جسمانی معائنے، غذائی عادات اور مختلف ٹیسٹوں کے ذریعے ان کے معدے میں موجود بیکٹیریا اور ذہنی کیفیت کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق کے ایک مرحلے میں کافی پینے والے افراد کو دو ہفتوں کے لیے کافی سے مکمل طور پر دور رکھا گیا۔ اس دوران ان میں معدے کے بیکٹیریا میں تبدیلیاں اور مزاج میں منفی اثرات، جیسے تناؤ اور بے چینی میں اضافہ دیکھا گیا۔
بعد ازاں جب شرکاء نے دوبارہ کافی پینا شروع کی تو ان کے مزاج میں بہتری دیکھی گئی اور تناؤ اور اداسی میں کمی رپورٹ ہوئی۔ محققین کے مطابق کافی کے استعمال سے بعض ایسے بیکٹیریا میں اضافہ ہوتا ہے جو ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ اگرچہ نتائج حوصلہ افزا ہیں، تاہم کافی کا استعمال اعتدال میں رہ کر ہی صحت کے لیے مفید سمجھا جانا چاہیے۔