ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے سے متعلق ایک معاہدہ متوقع ہے، جس پر بدھ کے روز انقرہ میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے دوران دستخط کیے جا سکتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان ترک سعودی رابطہ کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ اسی موقع پر عام اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری سفر کا معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ 2018 میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے استنبول میں سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے۔ ترکی نے اس قتل کا الزام اعلیٰ سعودی حکام پر عائد کیا تھا۔
تاہم 2020 کے بعد دونوں ممالک نے تعلقات کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کیے، اور 2021 کے بعد سے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
اس ملاقات میں آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی بات چیت متوقع ہے جبکہ خطے میں کسی نئی کشیدگی یا اشتعال انگیزی سے گریز کی حکمت عملی پر گفتگو بھی ہوگی۔