چین کی وزارت خارجہ کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمان 5 سے 7 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم دوستانہ تعلقات اور جامع شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے، جو گزشتہ پانچ دہائیوں سے مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔
بیان کے مطابق چین اس دورے کو باہمی سیاسی اعتماد کو مزید مستحکم بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت معیاری منصوبوں کو آگے بڑھانے کے ایک موقع کے طور پر دیکھتا ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر قائم ہیں اور اس سے دونوں عوام کو عملی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چین بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس دورے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور طویل المدتی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بنگلہ دیش کی نئی حکومت کے ساتھ روابط چین کے اس عزم کا حصہ ہیں جس کے تحت وہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مستحکم اور دیرپا تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے۔