فیفا کی ایرانی فٹبال فیڈریشن کو ورلڈکپ 2026 سے متعلق بات چیت کی دعوت

فیفا نے ایران کی فٹبال فیڈریشن کو ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق بات چیت کے لیے اپنے ہیڈکوارٹر مدعو کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ فیفا نے ایرانی فٹبال فیڈریشن سے کہا ہے کہ وہ 20 مئی تک سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں موجود فیفا ہیڈکوارٹر پہنچے تاکہ 2026 ورلڈ کپ کی تیاریوں پر گفتگو کی جا سکے۔

2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں 11 جون سے 19 جولائی تک منعقد ہوگا۔ تاہم فروری میں مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد ایران کی شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔

گزشتہ ہفتے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے واضح کیا تھا کہ ایران شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا اور اپنے میچ امریکہ میں ہی کھیلے گا۔

دوسری جانب ایرانی وفد فیفا کانگریس میں شرکت نہیں کر سکا تھا جو کینیڈا کے شہر وینکوور میں منعقد ہوئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج اور ان کے ساتھیوں کو کینیڈین امیگریشن حکام کے ساتھ تنازع کے بعد واپس لوٹنا پڑا۔

کینیڈا نے 2024 میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا اور حکام کا کہنا تھا کہ اس تنظیم سے وابستہ افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ایران کی ٹیم ورلڈ کپ کے دوران امریکی ریاست ایریزونا کے شہر ٹکسن میں قیام کرے گی۔ گروپ جی میں ایران کا مقابلہ نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر سے ہوگا۔ ایران اپنا پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں