ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ازبکستان کے لیے 12.5 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے بی ڈی) نے ازبکستان کی معیشت کو جدید بنانے کے لیے 12.5 ارب ڈالر کی مالی معاونت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان 3 مئی کو سمرقند میں ہونے والے بینک کے سالانہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔

ازبک حکومت کے مطابق یہ نیا شراکتی پروگرام 2030 تک جاری رہے گا، جس کا مقصد ملک میں نجی شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ایک مستحکم ہاؤسنگ مارکیٹ بنانے پر کام کیا جائے گا تاکہ نجی ملکیت کو فروغ دیا جا سکے۔

اس کے علاوہ نوجوانوں اور خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے، انسانی صلاحیتوں کی ترقی اور ڈیجیٹل جدت کو فروغ دینے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

بینک کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم نہ صرف ازبکستان بلکہ پورے وسطی ایشیا میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی خرچ کی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے بی ڈی کے سربراہ ماساتو کاندا نے صدر شوکت مرزائیوف کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں معیشت میں ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ازبکستان 1995 سے اے بی ڈی کا رکن ہے اور اب تک تقریباً 16 ارب ڈالر کی مالی معاونت حاصل کر چکا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں