روس کے تعاون سے بنگلادیش کے پہلے نیوکلیئر بجلی گھر کے ری ایکٹر میں ایندھن ڈالنے کا آغاز

روس کی سرکاری جوہری توانائی کمپنی روساٹوم نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بنگلہ دیش کے پہلے جوہری بجلی گھر روپ پور نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ری ایکٹر میں ایندھن ڈالنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جو اس منصوبے کے آغاز کا اہم مرحلہ ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ اقدام ری ایکٹر کو فعال کرنے کے ابتدائی مرحلے کا حصہ ہے، جس کے بعد اسے بتدریج کم سے کم کنٹرول شدہ سطح تک چلایا جائے گا اور پھر اس کی پیداوار بڑھا کر بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔

یہ پاور پلانٹ دو ری ایکٹرز پر مشتمل ہے، جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریبا 2400 میگاواٹ ہوگی۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد بنگلہ دیش ان 30 سے زائد ممالک میں شامل ہو جائے گا جہاں جوہری ری ایکٹرز سے بجلی پیدا کی جاتی ہے۔

اس منصوبے کی مجموعی لاگت تقریبا 13 ارب ڈالر بتائی گئی ہے، جس میں روس کی جانب سے تقریبا 90 فیصد مالی معاونت بطور قرض فراہم کی جا رہی ہے۔

روساٹوم کے سربراہ الیکسی لیخاچف کے مطابق بنگلہ دیشی قیادت کے ساتھ حالیہ بات چیت میں پہلے یونٹ کی تکمیل اور باقی منصوبے کو آگے بڑھانے کی منظوری کی تصدیق کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت پہلے یونٹ کو جولائی 2026 تک فعال کرنے جبکہ دوسرے یونٹ پر کام 2027 میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں