وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اور یورپی کمپنیوں کے نمائندوں کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے عہدیدار پیٹریس اُستبس کر رہے تھے، جبکہ اس میں مختلف کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستانی برآمدات کا بڑا حصہ یورپ کو جاتا ہے۔

انہوں نے پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں فریقین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت یورپی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو درپیش علاقائی چیلنجز کے باوجود معیشت کے استحکام کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا سے حالیہ رابطوں کا بھی ذکر کیا جن میں باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
یورپی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، مواصلات اور آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔

حکام کے مطابق بزنس فورم کے موقع پر 600 سے زائد کاروباری ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ملاقات میں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔