برازیل کے ژواؤ مارینہو نیٹو نے دنیا کے معمر ترین مرد ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی ہے کہ 112 سالہ ژواؤ اب دنیا کے سب سے بزرگ زندہ مرد ہیں۔
25 نومبر کو دنیا کے معمر ترین مرد، جان ٹینس ووڈ ،112 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد 26 نومبر کو ژواؤ مارینہو نیٹو، جن کی عمر اس وقت 112 سال اور 52 دن تھی، باضابطہ طور پر دنیا کے سب سے معمر ترین مرد قرار دیے گئے۔
ژواؤ کون ہے؟
ژواؤ 5 اکتوبر 1912 کو برازیل کے شہر مارانگو اپی میں ایک کسان خاندان میں پیدا ہوئے۔ وہ چار سال کی عمر میں اپنے والد کے ساتھ کھیتوں میں کام کرنے لگے اور مویشیوں کی دیکھ بھال اور درختوں سے پھل اتارنے جیسے کام انجام دیتے رہے۔
ژواؤ مارینہو نیٹو کے 6 بچے زندہ ہیں، جبکہ ان کے خاندان میں 22 پوتے پوتیاں اور 15 پڑپوتے، پڑپوتیاں شامل ہیں۔ یہ وسیع خاندان ان کی زندگی کے کئی پہلوؤں میں ان کے لیے خوشی کا ذریعہ ہے۔
ژواؤ اپنی طویل عمر کا راز اچھے لوگوں کے ساتھ رہنا اور اپنے پیاروں کو قریب رکھنے کو قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ زندگی کے ہر مرحلے میں محبت اور تعاون کا ماحول زندگی کو خوشگوار بناتا ہے۔
دنیا کی معمر ترین خاتون/انسان کون ہے؟
دنیا کے سب سے معمر ترین انسان ہونے کا اعزاز اس وقت جاپان کی خاتون تومیکو اِتووکا کے پاس ہے، جو 23 مئی 1908 کو پیدا ہوئیں اور ان کی عمر 116 سال ہے۔
بزرگ افراد کی طویل عمری کا عالمی ریکارڈ
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بزرگ افراد کے ریکارڈز ہمیشہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ انسانی عمر میں اضافہ، صحت مند زندگی گزارنے کے اصول اور زندگی کے سفر میں مثبت رویے طویل عمر کے حصول میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ژواؤ مارینہو نیٹو کی داستان ان افراد کے لیے مشعل راہ ہے جو زندگی کو خوشی، محبت، اور سماجی تعلقات کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا سفر ثابت کرتا ہے کہ محنت، خاندانی محبت، اور مثبت رویہ لمبی عمر کے اہم راز ہیں۔