چین کے نائب چیئرمین مرکزی عسکری کمیشن (سی ایم سی) جنرل ژانگ یو شیا نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران، معزز مہمان نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) سے ون آن ونملاقات کی، جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔
اہم ملاقاتوں کے موضوعات
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کے حالات، علاقائی استحکام کے اقدامات، اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر قائم ہے۔ انہوں نے اس تاریخی تعلق کو وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والا قرار دیا اور اس کے مزید فروغ پر زور دیا۔ ارمی چیف نے پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
چینی نائب چیئرمین کا اظہارِ خیال
جنرل ژانگ یو شیا نے پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے پختہ عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں پاک فوج کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس دیرینہ تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر، جنرل ژانگ یو شیا نے یادگارِ شہداپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔