افغان عبوری حکومت اور بھارت کے درمیان لیبارٹری سہولیات سے متعلق 46 ملین ڈالر کا معاہدہ

افغانستان کی عبوری حکومت نے ایک بھارتی کمپنی کے ساتھ 46 ملین ڈالر سے زائد مالیت کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ملک میں معیاری جانچ اور لیبارٹری سہولیات کو جدید بنایا جائے گا۔

افغانستان کی اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ معاہدہ بھارتی بین الاقوامی کمپنی ٹی سی آر سی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت کابل سمیت ملک کے نو اہم سرحدی تجارتی مقامات پر جدید لیبارٹری کمپلیکس قائم اور فعال کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق پانچ سالہ اس منصوبے میں تعمیراتی مواد، برقی آلات، ٹیکسٹائل، چمڑے اور کاغذی مصنوعات کی جانچ کے لیے جدید لیبارٹری آلات نصب کیے جائیں گے۔

منصوبے میں موجودہ لیبارٹری آلات کی مرمت، جدید نظام کی تنصیب اور افغان تکنیکی عملے کی تربیت بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کے آئی ایس او سرٹیفکیشن حاصل کرنے میں معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

افغان عبوری حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد معیار کے نظام کو مضبوط بنانا، کم معیار کی درآمدات کی روک تھام اور افغانستان میں تجارتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں