اسلام آباد میں ایران-امریکا مذاکرات کا دوسرا متوقع، وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی ناظم الامور سے ملاقات

اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے متوقع دوسرے دورکے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کے روز امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر سے ملاقات میں ان انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق، وزیر داخلہ امریکی سفارت خانے کے ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ کیا جہاں دو طرفہ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور پاکستان-امریکا تعلقات کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے امریکی نمائندے کو بتایا کہ مذاکرات میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کے لیے خصوصی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، اور انہوں نے دوسرے دور کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کااظہار کیا۔ اس موقع پر امریکی سفارتکار نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

یہ پیش رفت اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ واشنگٹن کے نمائندے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہونے والا ہے۔ تاہم پہلا دور، جو 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوا تھا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گا۔

بھاری ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشیوں کو مارگلہ روڈ کے ذریعے نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

مزید برآں لاہور، پشاور اور فیصل آباد سے اسلام آباد آنے والی موٹرویز کو پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، تاہم ذاتی گاڑیوں کے لیے یہ راستے کھلے رہیں گے۔ حکام کے مطابق، یہ اقدامات فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

ادھر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے، خاص طور پر آبنائے ہرمز کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔ ایران نے حال ہی میں ایک بار پھر آبنائے ہرمز بند کر دی ہے اور کہا ہے کہ جب تک امریکی ناکہ بندی ختم نہیں ہوتی، اسے نہیں کھولا جائے گا۔

آج ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کا مذاکرات کے نئے دور میں شرکت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 8 اپریل کو طے پانے والی دو ہفتوں کی جنگ بندی 22 اپریل کو ختم ہونے والی ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں