پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کے ہمراہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان کے مطابق، اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جبکہ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ان ملاقاتوں میں خطے میں پائیدار امن کے قیام پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر خاص توجہ دی گئی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط کے ذریعے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے پرامن اور مذاکراتی حل کے لیے پرعزم ہے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔