پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں توسیع کے معاہدے پر دستخط

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جمعے کے روز تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں توسیع کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔

پاکستان کی وزارتِ خزانہ کے مطابق، یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان طے پایا، جس کے تحت سعودی ادارے کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے گئے تین ارب ڈالر کی میعاد میں توسیع کی گئی ہے۔

معاہدے پر اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد اور سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد نے دستخط کیے، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں اس تقریب میں شرکت کی۔ یہ پیش رفت عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس کے موقع پر سامنے آئی۔

اس سے قبل سعودی عرب پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے موجودہ ڈپازٹ کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع کر چکا ہے اور اضافی تین ارب ڈالر فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق، یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ معاشی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے پاکستان کے بیرونی شعبے کو استحکام ملے گا۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مالی معاونت پاکستان کی معیشت کو درپیش عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کو اس ماہ متحدہ عرب امارات کو ساڑھے تین ارب ڈالر کا قرض واپس کرنا ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، مارچ کے اختتام تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 16.4 ارب ڈالر تھے، جو تقریبا تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں، تاہم قرضوں کی ادائیگیوں کے باعث مالی دباؤ برقرار ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں