پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے جمعرات کو وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اب تک کشیدگی میں ہونے والی کمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام فریقین جنگ بندی اور امن کو برقرار رکھیں۔
رہنماؤں نے فریقین کی جانب تحمل کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں فریقین کے درمیان پُرامن مذاکرات کے ذریعے مثبت حل تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرتا رہے گا۔
وزیرِ اعظم نے مذاکرات کے اس عمل میں شامل فریقین کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیااور آنے والے وفود کو اپنی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے انہیں مکمل تعاون اور اعلیٰ سطح کی میزبانی فراہم کی جائے گی۔