اُزبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کے سرکاری دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہر کی ایک سڑک کو “تاشقند اسٹریٹ” کا نام دیا گیا جبکہ زیرِ تعمیر نئے پارک کو عظیم مغل بادشاہ ظہیرالدین محمد بابُر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ یہ فیصلے پاکستان اور اُزبکستان کے درمیان گہرے تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان قائم کثیرالجہتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا واضح ثبوت ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تاشقند اسٹریٹ اور ظہیرالدین محمد بابُر کے نام سے منسوب یہ نیا پارک دونوں اقوام کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی علامت بنیں گے اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور اُزبکستان مستقبل میں بھی تاریخی ورثے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیتے رہیں گے۔