فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دیا جائے گا اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی کسی بھی دوبارہ جارحیت سے اس کا "من گھڑت جغرافیائی حفاظتی تصور” ختم ہو جائے گا۔
پاک فوج کے سربراہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور قوم نے بھی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہو کر ملک کا دفاع کیا۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس سے قوم کا اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور الزام تراشی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کی متعدد بیسز اور دفاعی نظام کو نشانہ بنایا اور رافیل طیاروں کو مار گرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کا جذبہ بھی قابل تعریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال ہو رہی ہے اور طالبان رجیم کو ان پراکسیز پر قابو پانا چاہیے۔ ہر قسم کی دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف پراکسی وار کو خاک میں ملایا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی، جبر اور مظالم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی مثبت کوششوں سے ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور معاشی اشاریے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دے رہے ہیں اور مسلح افواج کو عالمی سطح پر عزت حاصل ہے.