بھارت کے ایک گاؤں میں 78 سال بعد پہلی بار بجلی پہنچ گئی، شہریوں کا جشن

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ایک پسماندہ گاؤں وراسواڑی میں پہلی بار بجلی پہنچنے پر مقامی شہریوں نے زبردست جشن منایا۔ آتشبازی کی گئی، نعرے لگائے گئے اور لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

یہ گاؤں ضلع تھانے کے پہاڑی علاقے شاہ پور تعلقہ میں واقع ہے، جہاں بھارت کی آزادی کے 78 سال بعد اب جا کر بجلی فراہم کی گئی ہے۔ گاؤں کے 15 گھروں کو بجلی دی گئی ہے، اور سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی گئی ہیں۔

بجلی کی فراہمی کے اس منصوبے پر 50 لاکھ بھارتی روپے سے زائد خرچ آیا۔ اس میں 67 کھمبوں اور 63 کے وی اے کے ٹرانسفارمر کی تنصیب شامل تھی، جو علاقے میں بجلی کی ترسیل کو ممکن بناتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ منصوبے کی منظوری دو سال پہلے دی جا چکی تھی، لیکن گاؤں کا علاقہ جنگلات میں ہونے کی وجہ سے سامان لے جانا بہت مشکل تھا۔ سڑکیں نہ ہونے کے باعث کھمبے اور ٹرانسفارمر پہنچانے میں کئی رکاوٹیں آئیں۔

مزید یہ کہ محکمہ جنگلات سے درکار اجازت بھی تاخیر کی بڑی وجہ بنی۔ اب بجلی کی فراہمی سے علاقے کے مکینوں کی زندگی میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے، خاص طور پر تعلیم، صحت اور روزمرہ سہولتوں کے میدان میں۔

اپنا تبصرہ لکھیں