نارووال میں دریائے راوی کے سیلابی ریلے نے تاریخی گرودوارہ کرتارپور صاحب کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، تاہم وقت پر کارروائی کرتے ہوئے وہاں پھنسے لگ بھگ 100 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
کرتارپور انتظامیہ کے مطابق گردوارے کے احاطے میں پانی کی سطح چھ فٹ تک بلند ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے 18 مقامی یاتریوں سمیت درجنوں افراد عمارت کے اندر محصور ہو گئے تھے۔
ریسکیو ٹیموں نے تمام متاثرین کو قریبی سڑک تک منتقل کر دیا ہے، جہاں سے انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے نارووال شہر پہنچایا جائے گا۔ شہر میں سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں پڑنے والے شگاف کے باعث پانی تیزی سے گردوارے میں داخل ہوا جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی تھی۔ تاہم فوری کارروائی کی بدولت انسانی جانوں کا بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا گیا۔