خیبر پختونخوا میں تباہ کن سیلاب، 120 سے زائد افراد جاں بحق، امدادی ہیلی کاپٹر کریش

خیبر پختونخوا حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں سوار پانچ افراد شہید ہو گئے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر باجوڑ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے جا رہا تھا۔ اعلیٰ حکام کے مطابق یہ حادثہ چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم وجوہات کے باعث ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ایک اور ہیلی کاپٹر اس وقت ضلع بونیر میں ریسکیو آپریشنز میں مصروف ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا حالیہ دنوں شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ صوبے میں اب تک 120 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں مکانات، رابطہ سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

پاک فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، اور سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں