پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سےشکست

ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 14 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر صائم ایوب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاڈرہل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم صائم ایوب نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

فخر زمان نے 28 اور حسن نواز نے 24 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز اسکور کیے۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے جارحانہ آغاز کیا، مگر ابتدائی اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، جب کہ صائم ایوب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم نے بھی ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ میں نمایاں آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر صائم ایوب کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔
پہلے میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، محمد حارث، کپتان سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور صفیان مقیم شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں جونسن چارلس، جیویل اینڈریو، کپتان شائے ہوپ، گداکیش موتی، شرفین ردرفورڈ، روسٹن چیز، روماریو شیپرڈ، جیسن ہولڈر، شمر جوزف، عقیل حسین اور جیدہ بلیڈز شامل تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں