پاکستان نے ازبکستان کے شہر تاشقند میں جاری انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ میں میزبان ٹیم ازبکستان کو 0-3 سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی۔
جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ازبکستان کو 25-23، 25-18 اور 25-21 سے ہرایا۔
پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر 75 پوائنٹس حاصل کیے گئے، جن میں 45 اٹیک، 12 بلاک اور 2 سرو کے پوائنٹس شامل تھے، جب کہ غلطیوں کے باعث پاکستان کو 16 اضافی پوائنٹس بھی ملے۔
محمد یحییٰ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 24 پوائنٹس حاصل کیے، محمد سعود نے 10، جبکہ محتد علی شاہ اور اجمل جنید نے 9، 9 پوائنٹس اسکور کیے۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ سعید احمد خان صدی نے کھلاڑیوں کی پختگی اور نظم و ضبط کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے خلاف کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، لیکن ہمارے لڑکوں نے اعتماد اور یکسوئی کے ساتھ کھیل پیش کیا اور گیم پلان پر درست طریقے سے عمل کیا۔
پاکستان اپنا اگلا پول میچ ہفتے کے روز ترکیہ کے خلاف کھیلے گا۔