وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق، یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔
مارکو روبیو نے پاکستان کے علاقائی اور عالمی امن کے لیے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ٹیکنالوجی، معدنیات، اور انسداد دہشت گردی سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی قیادت کی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اور امریکہ مضبوط، پائیدار اور مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکہ کی کاروباری برادری کے لیے پاکستان ایک پرکشش ملک ہے اور دونوں ممالک کا علاقائی امن پر مؤقف بھی یکساں ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ بات چیت میں پاکستان کے مثبت کردار اور خطے میں استحکام کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی پر تعاون بڑھانے اور اگست میں اسلام آباد میں ہونے والے پاک امریکہ انسداد دہشت گردی مکالمے پر بھی بات کی۔
اس دوران اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت فلسطین پر ہونے والی کانفرنس میں بھی شرکت کی اور پاکستان کی امن پسند پالیسیوں کو اجاگر کیا۔