شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم بنگلہ دیش کو 74 رنز سے شکست دے دی، تاہم تین میچوں کی سیریز بنگلہ دیش نے 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
پاکستان کے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم صرف 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور صرف 41 کے مجموعی اسکور پر اس کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اگرچہ بعد میں آنے والے بیٹرز نے مزاحمت کی کوشش کی، لیکن پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ سیف الدین 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ بنگلہ دیش کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز اور فہیم اشرف نے 2،2 جبکہ سلمان علی آغا، حسین طلعت اور احمد دانیال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے متاثر کن بیٹنگ کی اور 41 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ حسن نواز نے 17 گیندوں پر 33 اور محمد نواز نے 16 گیندوں پر 27 رنز اسکور کیے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 21، محمد حارث 5 اور حسین طلعت 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 اور نسیم احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ فخر زمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور خوشدل شاہ کی جگہ حسین طلعت کو شامل کیا گیا۔