پاکستان بمقابلہ بنگلادیش: پاکستان کو مسلسل دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست

بنگلہ دیش نے ڈھاکہ کے شیرِبنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو سخت مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستان کو 134 رنز کا ہدف ملا، لیکن پوری ٹیم 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے مزاحمت کرتے ہوئے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، لیکن وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ ان کے علاوہ عباس آفریدی نے 19، احمد دانیال نے 17 اور خوشدل شاہ نے 13 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ صائم ایوب صرف ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد ٹیم مسلسل دباؤ میں رہی۔ دیگر بلے بازوں میں فخر زمان 8، محمد حارث، حسن نواز اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل، بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 133 رنز بنائے۔ ابتدائی نقصان کے باوجود ذاکر علی نے 55 اور مہدی حسن نے 33 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ 24 کے مجموعی اسکور پر چار کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیشی بلے بازوں نے عمدہ واپسی کی۔

پاکستان کی جانب سے احمد دانیال، عباس آفریدی اور سلمان مرزا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ لی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ابراہ احمد کی جگہ احمد دانیال کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے ڈھاکہ میں ایئر فورس کے تربیتی طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

یاد رہے کہ پہلے ٹی 20 میں بھی بنگلہ دیش نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی، اور اب دوسرے میچ کی فتح کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں