پاکستان کے شہر،راولپنڈی میں شدید بارشوں کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی، تاہم اب پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔
گوالمنڈی میں سب سے زیادہ 235 ملی میٹر، کٹاریاں میں 220 ملی میٹر، جبکہ پیر ودھائی میں 202 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شدید بارشوں کے باعث نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 21 فٹ تک جا پہنچی، جس کے بعد آس پاس کے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 18 فٹ ریکارڈ کی گئی، اور حکام کا کہنا ہے کہ، اگر یہ سطح 20 فٹ تک پہنچی تو وہاں بھی انخلا کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ، اب پانی کی سطح میں بتدریج کمی آ رہی ہے، تاہم انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔