برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد طویل عرصے سے جاری پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد پاکستانی فضائی کمپنیاں دوبارہ برطانیہ میں پروازوں کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، جو کہ ایک اہم پیشرفت ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کی جانب سے فضائی حفاظت کے اقدامات میں بہتری کے بعد کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ پابندی ہٹا دی گئی ہے، تاہم اب بھی ہر پاکستانی ایئرلائن کو برطانیہ میں فضائی آپریشن شروع کرنے سے قبل برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہو گی۔

یاد رہے کہ جولائی 2020 میں یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) اور برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر فضائی حفاظت سے متعلق خدشات کے باعث پروازوں پر پابندی عائد کی تھی۔ یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا تھا جب پاکستان میں جعلی پائلٹ لائسنس اسکینڈل منظر عام پر آیا تھا۔
اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہ، میں برطانیہ اور پاکستان کے ایوی ایشن ماہرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے بین الاقوامی حفاظتی معیار بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ فلائٹس کی بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، لیکن وہ مستقبل میں پاکستانی ایئرلائن کے ذریعے برطانیہ جانے کی منتظر ہیں۔