پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے لے کر 14 جولائی تک ملک بھر میں 111 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ان ہلاکتوں میں 53 بچے اور 19 خواتین بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، سب سے زیادہ اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں جہاں 40 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ خیبرپختونخوا میں 37، سندھ میں 17، بلوچستان میں 16 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک شخص کی ہلاکت ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 15 سے 17 جولائی کے دوران مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں ممکنہ طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، مری، گلیات، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ملتان، اور مظفرگڑھ سمیت متعدد شہر شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے نشاندہی کی ہے کہ، ان بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی میں خلل پڑنے کا بھی خدشہ ہے۔
انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ،تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔