چیلسی نے فٹبال کی تاریخ کے پہلے 32 ٹیموں پر مشتمل فیفا کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو 0-3 سے شکست دے کر چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
میچ کے ابتدائی ہاف میں چیلسی کی جانب سے کول پالمر نے دو شاندار گول کیے، جب کہ پیڈرو نے بھی ایک گول داغ کر ٹیم کو مضبوط برتری دلائی۔ اگرچہ دوسرے ہاف کا آغاز کچھ تاخیر سے ہوا، تاہم دونوں ٹیمیں اس حصے میں گول کرنے میں ناکام رہیں، اور یوں چیلسی نے فیصلہ کن فتح اپنے نام کی۔
یہ میچ امریکی ریاست نیو جرسی کے مشہور میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی فائنل کا مرکزِ توجہ بن گئی۔ کھیل سے قبل کولڈ پلے، ڈوجا کیٹ سمیت دیگر فنکاروں کی پرفارمنس ہوئی، جبکہ میچ کے دوسرے ہاف میں غیرضروری تاخیر اور سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ،یہ شاندار کھیل ہے، یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی ۔
یہ قابلِ ذکر ہے کہ پی ایس جی رواں سال شاندار فارم میں رہی، جس نے دو ڈومیسٹک ٹائٹلز اور یوایفا چیمپیئنز لیگ جیت کر ٹریبل مکمل کیا، اور ماہرین کی جانب سے اسے دہائی کی بہترین کلب ٹیم قرار دیا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ یہ فیفا کا پہلا کلب ورلڈ کپ تھا جس میں 2021 سے 2023 کے درمیان بین الاقوامی اور علاقائی لیگز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو شامل کیا گیا تھا۔