خیبر پختونخواہ کے علاقے،باجوڑ میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری برائے امورِ علما مولانا خانزیب کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔
ضلع باجوڑ کے ڈی پی او، وقاص رفیق کے مطابق، مولانا خانزیب کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب ان کی گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کی۔
باجوڑ میں حالیہ پرتشدد واقعات کے خلاف 13 جولائی کو امن مارچ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا، اور اطلاعات ہیں کہ، مولانا خانزیب اس سلسلے میں فعال کردار ادا کر رہے تھے۔
واقعے کے بعد لغڑئی بازار سمیت گرد و نواح میں عوام کی جانب سے بدامنی کے خلاف احتجاج کیا گیا اور سڑکوں پر مظاہرے کیے گئے۔
خیال رہے کہ، چند روز قبل بھی باجوڑ میں ایک آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر جاں بحق ہو گئے تھے۔
اس واقعے کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ، عوامی نیشنل پارٹی اپنے شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی، اور ہر سطح پر اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف قانونی، سیاسی اور عوامی جنگ لڑےگی۔
دریں اثنا، عوامی نیشنل پارٹی نے مولانا خانزیب کی موت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔